موجودہ حکمران عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر مسلط ہوئے؛ چوہدری شبیر وڑائچ کا روزنامہ حلیف سے گفتگو میں سخت موقف
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے معروف رہنما اور سابق کونسلر چوہدری شبیر وڑائچ نے روزنامہ حلیف سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے موجودہ حکومت پر کڑی تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر اقتدار پر مسلط ہوئے ہیں اور ان کے پاس ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی کوئی پالیسی یا وژن موجود نہیں ہے۔ چوہدری شبیر وڑائچ کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین اور قانون کی پامالی عروج پر ہے اور سیاسی انتقام کے ذریعے اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی ناکام کوششیں کی جا رہی ہیں۔
معاشی تباہی اور عوامی مشکلات کا گلہ
روزنامہ حلیف سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے غریب عوام کا جینا محال ہو چکا ہے، مہنگائی اور بیروزگاری نے ہر گھر میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ہی وہ واحد لیڈر ہیں جو ملک کو اس معاشی اور سیاسی دلدل سے نکال سکتے ہیں، اور قوم ان کے حقیقی آزادی کے بیانیے کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔
سابق کونسلر کا کہنا تھا کہ ظلم اور جبر کے ہتھکنڈوں سے تحریکِ انصاف کے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک میں فوری طور پر صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائیں تاکہ عوام کو ان کا حقیقی نمائندہ منتخب کرنے کا حق مل سکے۔
چوہدری شبیر وڑائچ نے واضح کیا کہ جب تک عوام کے حقیقی مینڈیٹ کا احترام نہیں کیا جائے گا، ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام آنا ناممکن ہے۔

Comments
Post a Comment