خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے متعدد ہولناک ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق اور خواتین و بچوں سمیت کم از کم 16 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ ریسکیو ذرائع اور پولیس کے مطابق تمام حادثات تیز رفتاری اور گاڑیوں کے بے قابو ہونے کے باعث پیش آئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں اور ٹراما سینٹرز منتقل کر دیا گیا ہے جہاں کئی افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
ہری پور: کار پل سے نیچے جا گری، ایک ہی خاندان کی 6 خواتین زخمی
پہلا افسوسناک حادثہ ہری پور میں حطار روڈ پر دوہریاں کے قریب پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار کار موڑ کاٹتے ہوئے اچانک بے قابو ہو کر پل سے نیچے گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں کار میں سوار ایک ہی خاندان کی 6 خواتین سمیت 7 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو الیون ٹو ٹو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کیا۔ طبی حکام کے مطابق زخمی ہونے والی دو خواتین کی حالت انتہائی نازک ہے۔
لوئر اور دیر بالا: مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق
دوسری جانب صوبے کے بالائی اضلاع لوئر دیر اور دیر بالا میں بھی قیامت صغریٰ برپا ہوئی۔ لوئر دیر کے علاقے منڈہ (ملالہ) میں تیز رفتار گاڑی اور موٹر سائیکلوں کے درمیان ہولناک تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں دو نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوئے۔ ادھر دیر بالا کے علاقے قلہ گنوڑی میں ایک مسافر ڈاٹسن گاڑی بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے سبب ایک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق اور 7 مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ مقامی پولیس نے تمام حادثات کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
صوبے میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات نے ایک بار پھر سڑکوں کی خراب صورتحال اور تیز رفتاری کے خلاف حفاظتی اقدامات پر بڑے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

Comments
Post a Comment