پرنسس آف ویلز کیتھرین اگلے ہفتے اٹلی کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گی، جو گزشتہ تین سالوں کے دوران ان کا پہلا باقاعدہ غیر ملکی دورہ ہوگا۔ کینسر کے علاج کے بعد شاہی فرائض پر مکمل واپسی کی جانب یہ ان کا ایک اہم قدم ہے، اس سے قبل انہوں نے دسمبر 2022 میں شہزادہ ولیم کے ہمراہ امریکہ کا دورہ کیا تھا۔
کنسنگٹن پیلس کے ترجمان کے مطابق، شہزادی کیتھرین 13 اور 14 مئی کو اٹلی کے تاریخی شہر ریجیوا میلیا کا دورہ کریں گی۔ یہ دورہ خاص طور پر بچوں کی ابتدائی تعلیم اور نشوونما کے حوالے سے ان کی جاری مہم کا حصہ ہے۔ شہزادی وہاں بچوں کی تعلیم کے منفرد اطالوی انداز "ریجیوا میلیا اپروچ" کا مشاہدہ کریں گی، جس میں بچوں کے فطرت کے ساتھ تعلق اور انسانی رشتوں کے ذریعے ان کی ذہنی و جسمانی نشوونما پر زور دیا جاتا ہے۔
اپنے قیام کے دوران شہزادی کیتھرین ماہرینِ تعلیم، والدین، بچوں اور مقامی کاروباری رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گی۔ واضح رہے کہ جنوری 2025 میں کینسر سے صحت یابی کے اعلان کے بعد یہ ان کی بین الاقوامی سطح پر پہلی بڑی سرگرمی ہے۔
شہزادی کیتھرین کا 'رائل فاؤنڈیشن سینٹر فار ارلی چائلڈ ہڈ' اس دورے کے ذریعے اپنے دائرہ کار کو بین الاقوامی سطح تک پھیلا رہا ہے۔ اس سلسلے میں بدھ کے روز ایک نئی گائیڈ "فاؤنڈیشنز فار لائف" بھی جاری کی جائے گی، جس کا مقصد بچوں کی سماجی اور جذباتی نشوونما میں مدد فراہم کرنا ہے۔ شہزادی نے اس گائیڈ کے پیش لفظ میں لکھا ہے کہ ہمارے باہمی تعلقات کی نوعیت ہی یہ طے کرتی ہے کہ ہم اپنی زندگی میں خود کو کتنا محفوظ محسوس کرتے ہیں اور تجربات کو کس طرح پرکھتے ہیں۔
تحریر: ایڈیٹر ڈیلی حلیف

Comments
Post a Comment