ترکیہ میں سیلاب کی تباہ کاری: وزیراعظم شہباز شریف کا صدر ایردوان سے اظہار تعزیت، ہر ممکن مدد کی پیشکش

Turkiye Flood, Shehbaz Sharif

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں آنے والے تباہ کن سیلاب اور خراب موسم کی وجہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب ایردوان اور وہاں کے عوام سے دلی تعزیت کی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے اپنے ترک بھائیوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے ذکر کیا کہ سیلاب اور شدید موسم نے ترکیہ کے مختلف صوبوں بشمول غازی انٹیپ، شانلی اورفا اور ادیامان میں شدید تباہی مچائی ہے جس کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں اور املاک کو نقصان پہنچا ہے۔

وزیراعظم نے ترکیہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہماری ہمدردیاں اور دعائیں متاثرہ خاندانوں اور اس قدرتی آفت کا شکار ہونے والے تمام افراد کے ساتھ ہیں۔

شہباز شریف نے مزید یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ترکیہ کی امدادی سرگرمیوں میں ہر قسم کی انسانی اور مادی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کو جب بھی اور جس قسم کی بھی ضرورت ہوگی، پاکستان اپنے بھائیوں کی پکار پر لبیک کہے گا۔

Comments