معرکہ حق قومی اتحاد اور جرات کی علامت ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا یومِ فتح پر پیغام


 نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے "معرکہ حق" (2025 کے پاک بھارت تنازع) کی پہلی سالگرہ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ گزشتہ سال دشمن کی جارحیت کے خلاف پاکستان کا جواب نپا تلا، ذمہ دارانہ اور انتہائی درست تھا۔ انہوں نے اس دن کو قومی سفر کا ایک اہم موڑ قرار دیتے ہوئے اسے جرات، اتحاد اور غیر متزلزل عزم کی داستان قرار دیا۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں اسحاق ڈار نے مسلح افواج اور عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب قوم متحد ہو جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اس کی بنیادیں نہیں ہلا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے تحمل اور اخلاقی برتری کے ساتھ کام لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 'آپریشن بنیان المرصوص' محض ایک فوجی کامیابی نہیں تھی بلکہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا فطری حق استعمال کیا۔

وزیر خارجہ نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں مسلح افواج کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ پاک فضائیہ نے متعدد بھارتی لڑاکا طیارے مار گرا کر اور اہم فوجی اہداف کو نشانہ بنا کر نمایاں آپریشنل کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے دفتر خارجہ کی سفارتی کوششوں کا بھی ذکر کیا جس کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا موقف موثر انداز میں پیش کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے لیکن مادرِ وطن کو لاحق کسی بھی خطرے کا جواب مکمل قومی طاقت اور اتحاد کے ساتھ دیا جائے گا۔ انہوں نے قوم سے اپریل اور مئی 2025 کے واقعات کو یاد رکھتے ہوئے مستقبل کے لیے متحد رہنے اور تقسیم کو مسترد کرنے کا عہد دہرانے کی اپیل کی۔

Comments