میسی اور رونالڈو کا تاریخی چھٹا ورلڈ کپ
لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو اپنے کیریئر کا چھٹا ورلڈ کپ کھیلنے جا رہے ہیں۔ اگر دونوں کھلاڑی میدان میں اترتے ہیں تو وہ تاریخ میں پہلی مرتبہ چھ مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں شرکت کرنے والے دنیا کے پہلے فٹبالر بن جائیں گے۔ میسی پہلے ہی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 26 میچز کھیلنے، 2314 منٹس میدان میں گزارنے اور بطور کپتان سب سے زیادہ میچز کھیلنے کا ریکارڈ رکھتے ہیں، جس میں اب مزید اضافہ متوقع ہے۔
دوسری جانب کرسٹیانو رونالڈو ایک اور سنسنی خیز ریکارڈ کے بالکل قریب ہیں۔ اگر وہ اس ٹورنامنٹ میں صرف ایک گول کرنے میں بھی کامیاب رہے، تو وہ چھ مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں کم از کم ایک گول کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن کر تاریخ رقم کر دیں گے۔
کالیان ایمباپے اور کلوزے کے 16 گولز کا ریکارڈ
ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 16 گولز کرنے کا عالمی ریکارڈ جرمنی کے میروسلاو کلوزے کے پاس ہے۔ تاہم اس بار لیونل میسی (13 گولز) اور فرانس کے نوجوان اسٹار کالیان ایمباپے (12 گولز) اس ریکارڈ کو توڑنے کے لیے مضبوط ترین امیدوار ہیں۔ ایمباپے کے پاس ایک اور تاریخی کارنامہ انجام دینے کا موقع بھی ہے؛ اگر فرانس مسلسل تیسری بار فائنل میں پہنچتا ہے اور ایمباپے اس میں گول کرتے ہیں، تو وہ تین مختلف ورلڈ کپ فائنلز میں گول کرنے والے تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے۔
ٹیموں کے پاس تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع
ٹورنامنٹ میں جہاں انفرادی ریکارڈز کی جنگ ہوگی، وہیں ٹیمیں بھی نئے سنگِ میل عبور کرنے کے لیے تیار ہیں:
- ارجنٹائن: دفاعی چیمپئن کے پاس 1962 کے بعد پہلی مرتبہ اپنے عالمی ٹائٹل کا کامیاب دفاع کر کے اٹلی اور برازیل کے بعد مسلسل دو ورلڈ کپ جیتنے والی تیسری ٹیم بننے کا موقع ہے۔
- برازیل: 5 مرتبہ کی عالمی چیمپئن اگر یہ ٹرافی جیتی ہے تو اس کے ٹائٹلز کی تعداد 6 ہو جائے گی۔ یہ برازیل کا ریکارڈ 23واں ورلڈ کپ بھی ہے۔
- انگلینڈ اور یوروگوئے: انگلینڈ 60 سال اور یوروگوئے 76 سال کے طویل انتظار کے بعد دوبارہ ورلڈ کپ جیتنے کی جدوجہد کریں گے۔
- جرمنی اور میزبان ممالک: جرمنی اگر فائنل میں پہنچتا ہے تو یہ اس کی نویں فائنل شرکت ہوگی جو ایک ریکارڈ ہے۔ اس کے علاوہ 1998 میں فرانس کے بعد سے کوئی میزبان ملک ورلڈ کپ نہیں جیت سکا، جس کا تعطل توڑنے کی کوشش امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا کریں گے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 فٹبال کی تاریخ کا سب سے بڑا اور یادگار ٹورنامنٹ ثابت ہونے جا رہا ہے جہاں پرانے بت ٹوٹیں گے اور نئے ہیرو جنم لیں گے۔

Comments
Post a Comment